آئی او سی کراٹے کوچز کورس شروع ہوگیا, پاکستان بھر سے 35  کوچز حصہ لے رہے ہیں. 9 خواتین بھی شامل . افتتاح جنرل (ر) عارف حسن نے کیا

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیرانتظام آئی او سی ٹیکنیکل کوچز کورس آج لاہور میں شروع ہوگیا. انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا یہ کورس پاکستان اولمپک کمیٹی کے توسط سے پاکستان کراٹے فیڈریشن کو الاٹ ہوا. ورلڈ کراٹے فیڈریشن نے دنیا کے بہترین کوچ انتونیو اولیوا کو یہ کورس کرانے کیلئے نامزد کیا. اس کورس میں پاکستان بھر سے 35  کوچز حصہ لے رہے ہیں. جس میں 9 خواتین بھی شامل ہیں. کورس میں صبح کے سیشن میں تھیوری اور رولز پڑھائے جاتے ہیں. سیشن صبح 10 بجے سے 1 بجے دوپہر تک جاری رہتا ہے. جبکہ شام کا سیشن 3 بجے سے شام 6 تک جاری رہتا ہے. جس میں کوچز کو عملی تربیت دی جاتی ہے. آج کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جنرل (ر) عارف حسن تھے. اس موقع پر عندلیب سندھو جنرل سیکرٹری پاکستان کراٹے فیڈریشن نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی. انٹرنیشنل کراٹے کوچ انتونیو اولیوا نے پاکستان میں کراٹے کے کھلاڑیوں اور کوچز کے معیار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو صرف نکھارنے کی ضرورت ہے. تاکہ وہ انٹرنیشنل سطح پر اپنا لوہا منواسکیں. انہوں نے پاکستان کے کھلاڑی سعدی عباس کی بھی تعریف کی جو کہ ایشین گولڈ میڈلسٹ اور 2 مرتبہ کامن ویلتھ کراٹے چیمپئین شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں. مہمان خصوصی جنرل (ر) عارف حسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کراٹے فیڈریشن کی کارکردگی کو سراہا اور اتنے کم وسائل کے باوجود اچھی کارکردگی پر تعریف کی. انہوں نے کہا کہ پی او اے کراٹے کی ترقی کیلئے ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی. پاکستان کے سعدی عباس کیس  کے سکالرشپ کیلئے بھجوادیا گیا ہے. جبکہ یہ کوچنگ کورس بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے.