آئی سی سی نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ، بیٹنگ میں ویرات کوہلی ، بولنگ میں جسپرت بھمبرا اورافغانستان کے راشد خان نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

دبئی(سپورٹس ورلڈ نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی )نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق افغانستان کے راشد خان نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے محمد حفیظ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے انٹر نیشنل رینکنگ کے مطابق بیٹنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور بولنگ میں بھارتی باﺅلر جسپرت بھمبرا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ ابتدائی 10 بلے باز میں پاکستان کے صرف بابراعظم شامل ہیں اور وہ چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں اور بولنگ کے شعبے میں ابتدائی 10 بہترین بولرز میں پاکستان کے حسن علی کا بھی چھٹا نمبر ہے۔بولنگ کے شعبے میں ابتدائی 10 بہترین بولرزمیں پہلی پوزیشن پر بھارت کے جسپرت بھمبرا، افغانستان کے راشد خان دوسری پوزیشن، کلدیپ یادیو تیسری، نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ بولٹ چوتھی اور آسٹریلیا کے جوش ہیزلی ووڈ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان نے بنگلادیش کے شکیب الحسن سے نمبر ون آل راؤنڈر پوزیشن چھین لی، راشد خان 353 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہو گئے ہیں۔ بنگلادیش کے شکیب الحسن دوسری، افغانستان کے محمد نبی تیسری، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر چوتھی اور قومی ٹیم کے محمد حفیظ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق 15 درجے بہتری کے ساتھ رینکنگ میں 27ویں نمبر پر آگئے جب کہ آل راؤنڈر شعیب ملک 12 درجے بہتری کے ساتھ 42ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔