آل کراچی انڈر16یوم آزادی فٹبال فیسٹول کا 13اگست سے آغاز 8ٹیمیں ناک آؤٹ کی بنیاد پر شرکت کریں گی‘ 14اگست کو فائنل کھیلا جائے گا

کراچی (اسپورٹس ورلڈ نیوز) ڈی ایف اے سینٹرل کی زیر نگرانی آل کراچی انڈر 16یوم آزادی ٹو ڈے فٹبال فیسٹول 13اگست سے سکسٹین اسٹار فٹبال گراؤنڈ کی سرسبز فیلڈ پر ڈے اینڈ نائٹ میں شروع ہونگے۔ جس میں 8ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ ناک آؤٹ کی بنیاد پر ہونے والے مقابلے 2روز جاری رہیں گے۔ 14اگست کو فائنل کھیلا جائے گا۔سیف گیمزگولڈ میڈلسٹ سلیم پٹنی، سیکریٹری ڈی ایف اے سینٹرل ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر سینٹرل سید عثمان شاہ ہونگے۔ شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کے عمر کی تصدیق کیلئے جملہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ اوریجنل ’ب‘ فارم ضرور ساتھ لائیں ۔ ڈی ایف اے سینٹرل کے نائب صدر محمد شمیم کی سربراہی میں سید خورشید علی شاہ اور عبدالکریم پر مشتمل تین رکنی اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کھلاڑیوں کی عمر سے متعلق اسکروٹنی کرے گی اور ان کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔ اسکروٹنی کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہوگا جسے کسی سطح پر بھی چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔13اگست کو جملہ کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔دونوں سیمی فائنلز اور فائنل 14اگست کو 3تا5بجے شام کھیلے جائیں گے۔ شریک 8ٹیموں کو 4,4کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ ’اے‘ میں گیریثرن اکیڈمی ، گلشن سوکر اکیڈمی، 16اسٹار اکیڈمی، ینگ مالا اکیڈمی جبکہ گروپ ’بی‘ بلوچ کلب اکیڈمی، نارتھ ینگرز اکیڈمی، ایف سی قادر اکیڈمی اور نارتھ مسلم اکیڈمی کی ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ افتتاحی میچ گیریثرن اکیڈمی اور گلشن سوکر اکیڈمی کے مابین 4بجے شام کھیلا جائے گا۔ 5بجے شام کو اجتماعی افتتاحی تقریب ہوگی۔جس میں شریک جملہ 8ٹیمیں مکمل کٹ میں مارچ پاسٹ کریں گی۔ اور قومی ترانہ کی گونج کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ دوسرا کوارٹر فائنل 16اسٹار اور ینگ مال، تیسرا کوارٹر فائنل بلوچ کلب اور نارتھ ینگرز اور آخری اور چوتھا کوارٹر فائنل ایف سی قادر اور نارتھ مسلم کے مابین کھیلا جائے گا۔ آل کراچی انڈر16یوم آزادی فٹبال فیسٹول کا 13اگست سے آغاز