ابوظہبی میں پاکستان کیلئے چوتھی اننگز آسان نہیں ہوگی ، پچ بولنگ کیلئے ساز گار ہے : کیوی باولر سمر ویل

ابوظہبی(سپورٹس ورلڈ نیوز) نیوزی لینڈ کے باولر سمر ویل نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں پاکستان کیلئے چوتھی اننگز آسان نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شیخ زید اسٹیڈیم کی پچ بولنگ کیلئے ساز گار ہے اور دوسری اننگز میں اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو اچھا ہدف دیا تو یہاں چوتھی اننگز کھیلنا ہر گز آسان نہ ہوگا۔ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں پہلا ٹیسٹ ہم چار رنز کے فرق سے جیتے تھے جہاں 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 171 رنز پر آوٹ ہوگئی تھی، حالات اس بار بھی مختلف نہیں ہوں گے، اگر دوسری اننگز میں ان کی ٹیم اچھی برتری حاصل کرلے۔تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں 75رنز دے کر 4 وکٹیں لینے والے سمر ویل کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ ڈیبیو اننگز میں 5 کھلاڑیوں کا شکار نہ کرسکا۔