ابوظہبی ٹیسٹ ، پاکستانی باولرز کی عمدہ پرفارمنس کیوی بلے بازوں کو صرف 249رنز پر آوٹ کردیا ،ٹیم پاکستان کو جیت کے لئے 176 رنز درکار37 بنالئے

ابوظہبی( سپورٹس ورلڈ نیوز) ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی باولرز نے ایک بار پھر عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو صرف 249رنز پر آوٹ کردیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 176رنز کا ہدف ملا ۔پاکستانی بلے بازوں نے تیسرے روز کے اختتام پر بغیر کوئی وکٹ کھوئے 37رنز بنائے جس کے بعد اب پاکستان کو جیت کے لیے 139رنز درکار ہیں ۔محمد حفیظ 8جبکہ امام الحق نے 25رنز بنا لیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روزکا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیم سن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی

جنہیں حسن علی نے آوٹ کیا۔پاکستانی بولروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے اجیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے، پانچویں وکٹ پر ہینری نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ انداز اپنایا اور 112 رنز کی شراکت قائم کی۔لیکن 220 کے مجموعی اسکور پر نکولس 55 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھراگئی۔یاسر شاہ نے گرینڈ ہوم کو 3، واٹلنگ کو 59 اور واگنر بغیر کوئی رن بنائے آوٹ کیا۔

سودھی 18 اور ٹرینٹ بولڈ بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بنے، پاکستان کی جانب سے حسن علی اور یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناسکی تھی۔