اتھلیٹکس کی تاریخ میں پہلی بار 3پاکستانی اتھلیٹس پرفارمنس کی بنیاد پر ورلڈ جونیئر اتھلیکٹس چمپئن شپ میں شرکت کرینگے:اصغر گل

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان اتھلیٹس کی تاریخ میں پہلی بار تین پاکستانی اتھلیٹس نے ورلڈ جونیئر اتھلیٹکس چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے کھلاڑی کسی بھی ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکے تھے۔ ورلڈ جونیئر اتھلیکٹس میں کوالیفائی کرنیوالے ان پاکستانی کھلاڑیوں میں ارشد ندیم(جیولن تھرو) یاسر (جیولن تھرو) اور محمد افضل (ٹرپل جمپ) شامل ہیں۔
ورلڈ جونیئر اتھلیکٹس چمپئن شپ 19سے 24جولائی تک پولینڈ میں ہو گی۔
یہ بات قومی اتھلیٹکس ٹیم کے کوچ اصغر گل نے ”سپورٹس ورلڈ پی کے ڈاٹ کام” کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب کھلاڑیوں کی گزشتہ ایک سال کے دوران عمدہ پرفارمنس کے نتیجہ میں ممکن ہوئی ہے۔ وگرنہ اس سے قبل پاکستان کا ہمیشہ ایک آدھ کھلاڑی ہی ان ایونٹس میں شرکت کرتا تھا اور وہ بھی وائلڈ کارڈانٹری کے ذریعے جبکہ اس بار تین کھلاڑی جارہے ہیں اور تینوں ہی پرفارمنس کی بنیاد پر۔
ایک سوال کے جواب میں اصغر گل نے کہا کہ فیڈریشن کے سربراہ جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کی محنت آہستہ آہستہ رنگ لارہی ہے اور ہم وائلڈ کارڈ انٹری کے دور سے نکل کر پرفارمنس کی بنیاد پر بین الاقوامی مقابلوں میں جگہ بنانے کے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے جونیئر کھلاڑی ہی آگے چل کر پاکتان کا مستقبل بنیں گے۔