آکلینڈ اوپن ٹینس : اعصام الحق اور مارسن میٹکوسکی کوجنوبی افریقہ کے راون کلاسن اور نیوزی لینڈ کے مائیکل وینس نے ڈبلز کوارٹر فائنل میں شکست دے دی

آکلینڈ ( سپورٹس ورلڈ نیوز )سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی آکلینڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ نیوزی لینڈ میں جاری ایونٹ میں جمعرات کو کھیلے گئے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور ان کے پولینڈ کے جوڑی دار مارسن میٹکوسکی اور جنوبی افریقہ کے راون کلاسن اور نیوزی لینڈ کے مائیکل وینس کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیاتاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے اعصام کا ساتھ نہ دیا اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اعصام اور مارسن نے پہلے سیٹ میں وینس اور کلاسن کو 6۔4 سے ہرا کر برتری حاصل کی تاہم دوسرے سیٹ میں وینس اور کلاسن نے اعصام اور مارسن کو اسی مارجن سے ہرا کر مقابلہ برابر کر دیا، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں کلاسن اور وینس نے اعصام اور مارسن کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔