انٹرنیشنل سکواش ڈے ،وومن سکواش ٹورنامنٹ سینئر کیٹگری میں رفعت خان اورانڈر 19کیٹگری میں نو الہدی نے میدان مارلیا،ائیرمارشل شاہد اخترعلوی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز) سکواش کے عالمی دن کے حوالے سے پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام موصحف علی میر سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ ایونٹ کے آخری روز سینئیر وومن کیٹگری کے فائنل میں پاکستان واپڈا کی رفعت خان نے پاکستان آرمی کی زویا خان کو جبکہ انڈر 19کے ایونٹ کے فائنل میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی نور الہدی نے پاکستان واپڈا کی کومل خان کو شکست دے کرکامیابی حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام 14اکتوبر کو دنیا بھر میں منائے جانے والے سکواش کے عالمی دن کے حوالے سے پاکستان سکواش فیڈریشن نے 13اور14اکتو بر کو انڈر 19اور سینئیر وومن کیٹگری میں سکواش مقابلوں کا اہتمام کیا جس میں دونوں کیٹگریز میں 16-16کھلاڑیوں نے شر کت کی ۔ایونٹ کے دوسرے روز آج دونوں کیٹگریز میں فائنل کھیلے گئے۔ سینئیر وومن کیٹگری میں فائنل پاکستان واپڈا کی رفعت خان اور پاکستان آرمی کی زویا خان کے درمیان کھیلا گیا جو35منٹ تک جاری رہا جس میں رفعت خان نے زویا خان کو11/9, 1/11, 11/3, 6/11 سے شکست دے کر سینئیر وومن کیٹگری میں جبکہ انڈر19کی کیٹگری میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی نور الہدی نے پاکستان واپڈا کی کومل خان کو بیس منٹ کے مقابلے کے بعد 11/3, 11//9، 6/11، 11/7سے شکست دے کر انڈر19 کیٹگری کی فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ مقابلے کے اختتام پر فاتح اور رنر اپ خواتین کھلاڑیوں میں تین لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سینئر نائب صدر پاکستان سکواش فیڈریشن ائیرمارشل شاہد اخترعلوی تھے۔ جنہوں نے سیکر ٹری پی ایس ایف گروپ کیپٹن طاہر سلطان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔