اولمپیئن منصور احمد کی بیوی ہونے کی دعویدار خاتون منظر عام پر آگئی , مالی واجبات کے حصول کیلئے محکمہ کسٹمز سے رابطہ کرلیا

 اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز) وفات پانے والے اولمپیئن منصور احمد کی بیوی ہونے کی دعویدار خاتون منظر عام پر آگئی ہے جس نے مالی واجبات کے حصول کیلئے محکمہ ہکسٹمز سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی  نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد کی رہائشی ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مرحوم اولمپیئن منصور احمد مرحوم کی بیوی ہیں، خاتون نے منصور احمد کے مالی واجبات کے حصول کے لیے محکمہ کسٹمز سے رابطہ کیا، قبل ازیں وہ قومی مرکز برائے امراض قلب پہنچیں اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے کہا تاہم ادارے نے خاتون کو منصور احمد کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب منصور احمد کے خاندان کے ذرائع کے مطابق میک اپ آرٹسٹ خاتون کی منصور احمد سے علیحدگی ہوچکی ہے جب کہ مذکورہ خاتون کے پہلے شوہر سے دو بچے بھی ہیں، اولمپئین منصور احمد کی اپنی پہلی اہلیہ سے بھی علیحدگی ہوچکی تھی جو ان کے دونوں بیٹوں کے ساتھ امریکا میں مقیم ہیں۔ عارضہ قلب میں مبتلا اولمپیئن منصور احمد طویل علالت کے بعد 12 مئی کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ منصور احمد کے لواحقین کو60 لاکھ روپے کے واجبات ملنے ہیں جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی ہاکی گول کیپر کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔