ایشین بیچ گیمز کے پانچویں ایڈیشن کی تیاریوں کیلئے قومی کبڈی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج اسلام آباد میں شروع ہو گا

اسلام آباد( سپورٹس ورلڈ نیوز)ایشین بیچ گیمز کے پانچویں ایڈیشن کی تیاریوں کیلئے قومی کبڈی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج (جمعہ ) سے اسلام آباد میں شروع ہو گا ۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور کے مطابق پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں لگائے جانیوالے تربیتی کیمپ میں شرکت کیلئے 10کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں ناصر علی ، محمد رضوان ، عثمان زادہ ، کاشف رزاق ، محمد عمران ، محمد ارسلان ، اخلاق حسین ، محمد عاطف ، ابرار حسین شامل ہیں جو کوچز میجر نبیل اور بادشاہ گل کی نگرانی میں دو سیشن میں تربیت حاصل کرینگے جس کے بعد ستمبر کے پہلے ہفتے میں چھ رکنی قومی کبڈی ٹیم کا اعلان کیا جائیگا جو میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ محمد سرور کا کہنا تھا کہ ایشین بیچ گیمز کی تیاریوں کیلئے قومی پلیئرز کی جدید طرز کی تربیت کی جائے گی اور ایونٹ میں گزشتہ گیمز کی طرح اس بار بھی میڈل لینے کیلئے پر امید ہیں ،ایشین بیچ گیمز 24 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ویتنام میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان اور بھارت سمیت نو ملکوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ واضح رہے کہ 2014ء میں تھائی لینڈ میں ہونیوالے ایشین بیچ گیمز میں پاکستان چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور فائنل میں پاکستان کو ایران کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ روایتی حریف بھارت کو سیمی فائنل راونڈ میں گرین شرٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔