اے ایف سی اور اے آئی پی ایس ایشیا کے درمیان معاہدہ ،دونوں تنظیمیں فٹ بال اور سپورٹس جرنلزم کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گیں۔امجد عزیز ملک اور داتو ونڈسر جان نے معاہدے پر دستخط کئے

کوالالمپور، ملائشیا (سپورٹس ورلڈ نیوز) ایشین فٹ بال کنفیڈریشن اور سپورٹس جرنلسٹس کی ایشیائی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا کے درمیان مفاہمت کی ایک یاداشت پر دست ہو گئے ہیں جس کے مطابق دونوں تنظیمیں فٹ بال اور سپورٹس جرنلزم کی ترقی و فروغ کے لئے باہم مل کر خدمات انجام دیں گی۔دست خط کرنے کی تقریب ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقد کی ۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کی جانب سے ان کے جنرل سیکرٹری داتو ونڈسر جان اور اے آئی پی ایس ایشیاکے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک نے مفاہمت کی یاداشت پر دست خط کئے۔اے آئی پی ایس ایشیا کے نائب صدر احمد خواری عیسیٰ اور اے ایف سی کے میڈیا ڈائریکٹر کولن گبسن اور اے ایف سی کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔معاہدے کے تحت سپورٹس جرنلسٹس کے لئے ایشیا بھر میں ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سالانہ بنیادوں پر بہترین مرد و خاتون فٹ بال سپورٹس جرنلسٹس کو ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔اس موقع پر اے ایف سی کے جنرل سیکرٹری داتو ونڈسر جان نے کہا کہ معاہدہ دونوں تنظیموں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں تنظیمیں مل کر ایشیا بھر میں فٹ بال کھیل کی ترقی کی خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے ایف کی وژن ہے کہ فٹ بال ایشیا کا نمبر ایک کھیل بن جائے اس سلسلے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے اے آئی پی ایس ایشیاکے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نئے عہدے داروں کے انتخاب کے بعد ایشیا بھر میں فٹ بال کی ترقی کے لئے بہترین کوریج دیکھنے کو ملے گی۔داتو ونڈست جان نے کہا کہ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے اپنے ممبر ممالک کو کھیل کی ترقی کے لئے بھرپور مدد فراہم کی ہے اور اس معاہدے کے بعد سپورٹس جرنلسٹس بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اے آئی پی ایس ایشیا کے نائب صدر احمد خواری عیسیٰ نے کہا کہ دونوں تنظیموں کے درمیان معاہدہ ایشیا میں باہمی تعاون سے فٹ بال کھیل کو نئی جہت دے گا۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس کی ایشیائی تنظیم اے آئی پی ایس کی خواہش ہے کہ تمام کھیلوں کی ایشیائی تنظیموں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جائے اور کھیلوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا جائے۔احمد خواری عیسیٰ نے یقین ظاہر کیا کہ اے ایف سی کی جانب سے تعاون کی پیش کش سے ایشیا بھر کے فٹ بال سپورٹس جرنلسٹس بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔