اے کے جی رمضان ٹورنامنٹ میں عثمان جاوید کی مسلسل دوسری سنچری جعفر برادرز کی اے سی ٹی کو 61رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں نشست کنفرم

کراچی (اسپورٹس ورلڈ نیوز) عثمان جاوید کی مسلسل دوسری سنچری نے جعفر برادرز کو 31ویں اے کے جی رمضان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ دلادی جب انہوں نے اے سی ٹی انجینئرنگ کو باآسانی 61رنز سے شکست سے دوچار کیا۔ اوپنر عثمان جاوید نے 63گیندوں پر 112رنز کی اننگز میں 11چوکے اور 6چھکے لگاکر مین آف دی میچ کا ایوارڈ منیجر اے کے جی الطاف اسرانی سے وصول کیا۔ میر افضل بیگ، ضیاء الحق، عرفان سورانی، جاوید منصور ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔عثمان جاوید نے پہلی وکٹ پر عاشر احمد کے ہمراہ 56رنز اور تیسری وکٹ پر حسیب الرحمن کے ہمراہ 60رنز کی رفاقت قائم کی۔ آغا خان جیم خانہ گراؤنڈ گارڈن ویسٹ کی سرسبز فیلڈ پر گروپ ’اے‘ میں جعفر برادرز نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 215رنز کا ٹوٹل اسکور بک میں درج کرایا۔ اوپنر عثمان جاوید جو قبل ازیں اپنی سنچری سے دفاعی چمپئن ڈالر ایسٹ کو بھی شکست پر مجبور کرچکے ہیں آج ایک اور سنچری داغ دی جب انہوں نے 112رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ عاشر احمد نے 20رنز میں 4چوکے لگائے۔ حسیب الرحمن نے 17رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا، محمد سلیم نے 13رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا، حافظ شاہ نے 11اور تصور عباس نے 10رنزمیں ایک ایک چھکا لگایا۔محمد ارسلان کو 39رنز پر 2وکٹ ہاتھ لگے۔ دانیال احمد، سیف رسول اور وسیم خان کو 1,1وکٹ ملی۔اے سی ٹی انجینئرنگ کی جوابی اننگز مقررہ اوورز میں 9وکٹوں پر 154رنز تک محدود رہی۔ وسیم بھٹی نے 33رنز میں 2چھکے اور 2چوکے جبکہ اتنے ہی رنز میں سیف رسول نے 2چھکے اور 2چوکے لگائے۔وحید مراد کے 26رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مرہون منت تھے۔ذیشان یوسف 18رنز میں 4باؤنڈری لگانے میں کامیاب رہے۔ عاصم علی نے 11رنز اسکور کئے۔ ضیاء الحق نے 16رنز اورحافظ شاہدنے 29رنز کے عوض 3,3وکٹیں اڑائیں ،عثمان علیم، عاشق علی اور فہدانجم نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ایمپائرز وسیم اور ریحان جبکہ آفیشل اسکورر سید عمران علی تھے۔