بھارت میں کرکٹرز کی طرف سے معاوضوں میں اضافے کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا کوہلی نے بھی کھلاڑیوں کے معاوضے میں اضافے کا مطالبہ کردیا

ناگپور(سپورٹس ورلڈ نیوز)بھارت میں کرکٹرز کی طرف سے معاوضوں میں اضافے کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑ گیا اور بھارتی ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے بھی کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ کے وقت بھی کھلاڑیوں کے پر زور مطالبے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے پلیئرز کے معاوضے دوگنے گئے تھے جس کے بعد ٹاپ بھارتی کرکٹرز کا معاوضہ 3 لاکھ ڈالر ہوگیا تھا تاہم حال ہی میں بی سی سی آئی کی جانب سے اپنے نشریاتی حقوق ڈھائی بلین ڈالر میں فروخت کرنے کے بعد پلیئرز نے بھی اس دولت میں سے اپنا حصہ مانگ لیا ۔بھارتی ٹیم کے قائد کوہلی نے کھلاڑیوں کے معاوضے میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ کھلاڑیوں کے پرانے کنٹریکٹس کی مدت 30 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے اور اسی لیے کھلاڑی نئے معاہدوں سے قبل اپنی بات منوانا چاہتے ہیں جس سے اہم بھارتی کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہو گا۔