بھکر، سپورٹس پروموشن پروگرام ، جنڈانوالہ میں20ملین روپے کی لاگت سے جدید سپورٹس سٹیڈیم بنایا جائے گا، سید بلال حیدر

بھکر(سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہاہے کہ ضلعی انتظامیہ کے سپورٹس پروموشن پروگرام کے تحت جنڈانوالہ میں20ملین روپے کی لاگت سے جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس سٹیڈیم بنایا جائے گاجس کاتعمیراتی کام فوری طورپر شروع کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔انہوں نے اس امر کاانکشاف ایم این اے عبدالمجیدخان خنانخیل کے ہمراہ جنڈانوالہ سپورٹس سٹیڈیم کی جائے تعمیر کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایکسین بلڈنگز اوراسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہاکہ جنڈانوالہ سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیروتکمیل کم از کم وقت میں یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی شعبہ کوہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ علاقہ بھرمیں کھیلوں کے فروغ کیلئے سہولیات جلدازجلد فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے ایکسین بلڈنگز کو تاکید کی کہ سٹیڈیم کے تعمیراتی کام کی اچانک انسپکشن کے ذریعے معیار ورفتار پر کڑی نظررکھی جائے۔ایم این اے عبدالمجید خان خنا نخیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے ضلع میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ضلعی انتظامیہ کے سپورٹس پروموشن پروگرام کو عمدہ کاوش قراردیا اورکہاکہ جنڈانوالہ سپورٹس سٹیڈیم کے تعمیراتی منصوبہ کی بھرپور سرپرستی ونگرانی کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے بعد ازاں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کلورکوٹ کادورہ کیاجس کے دوران انہوں نے ہسپتال میں ری ویمپنگ پراجیکٹ کے تحت زیر عمل تعمیراتی کام کامعائنہ کیا۔انہوں نے ہسپتال کے تفصیلی دورہ کے موقع پر ہیلتھ کیئر سسٹم کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا