تین ملکی کبڈی سیریز بھارتی ٹیم براستہ واہگہ پاکستان پہنچ گئی، رانا سرور اور رمضان گھمن نے استقبال کیا ، تیمور بھٹی ڈی جی سپورٹس ندیم سرور کی مہمان ٹیم سے ملاقات

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام پنجاب کے چار شہروں میں آٹھ سے چودہ جنوری تک کھیلی جانے تین ملکی کبڈی سیریز میں شرکت کے لئے بھارت کی ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پندرہ کھلاڑیوں اور تین آفیشلز پر مشتمل بھارتی کبڈی ٹیم دیپا کورال اور بلجیت سنگھ کی قیادت میں آج واہگہ بارڈر کے راستہ پاکستان پہنچی۔جہاں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکر ٹری رانا محمد سرور۔نائب صدر رمضان گھمن اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکر ٹری طاہر جٹ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔اس موقع پر بھارتی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی خوشی دیدنی تھی ۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے اپنی گفتگو میں اپنے شاندار استقبال پر بے حد خوشی کا ظہار کرتے ہوئے میزبان پاکستان کبڈی فیدریشن کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں بھارتی ٹیم کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم پہنچنے پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے ٹیم کا استقبال کیا، مہمان ٹیم کو گلدستے پیش کئے گئے، اس موقع پر ایران کی ٹیم کے مینجر بھی موجود تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں، انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا 8جنوری سے شروع ہورہا ہے جو کہ 13جنوری تک جاری رہے گا، کبڈی ٹاکرامیں بھارت، ایران، پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان میچز ہوں ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ثقافتی اور روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کے لئے غیرملکی ٹیموں کو مدعو کیا ہے، پنجاب حکومت کا ویژن ہے کہ روایتی کھیلوں کو فروغ دیا جائے ہم باہر کے کھیلوں کو فروغ دینے کی بجائے اپنے روایتی کھیلوں پر توجہ دیں گے، زندہ قومیں اپنی ثقافت اور روایات کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور تاریخ میں آج وہی قومیں زندہ ہیں جنہوں نے اپنی ثقافت کو یاد رکھا، اپنی روایات کو آگے لے کر چلنے والوں کو ہی کامیابی ملتی ہے، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ کبڈی کو فروغ دینے کے لئے کبڈی لیگ بھی کرائیں گے، اس کا جال پورے پنجاب اور پاکستان تک پھیلائیں گے، دیہی علاقوں سے ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ انڈین اور ایرانی کبڈی ٹیموں کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے کھیل سے عوام محضوظ ہوں گے اور کبڈی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی، کبڈی کے فروغ کے لئے تمام وسائل استعمال کریں گے، کبڈی پنجاب کی پہچان ہے اور اسے حقیقی معنوں میں اس کی پہچان بنائیں گے، دیہی علاقوں سے نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیں گے۔