جامعہ گجرات میں تین روزہ سالانہ سپورٹس گالا2017ء کا آغاز ہو گیا۔ نویں سپورٹس گالا کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نےکیا

گجرات ( اورنگزیب عالمگیر شاکر سے ۔سپورٹس ورلڈ نیوز ) جامعہ گجرات میں تین روزہ سالانہ سپورٹس گالا2017ء کا آغاز ہو گیا۔ جامعہ گجرات کے نویں سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم تھے۔سپورٹس گالا کے افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے آغاز کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے سپورٹس گالا کی مشعل جلائی۔ یہ علامتی مشعل سپورٹس گالا کی تین روزہ تقریبات اور مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا اختتام ہونے تک جلتی رہے گی۔ سالانہ سپورٹس گالا جامعہ گجرات کی درخشندہ علمی و تہذیبی روایات کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد طلبا و طالبات میں کھیلوں کی اہمیت و افادیت کے شعور کو اُجاگر کرتے ہوئے ان کی شخصیت وکردار سازی میں معاونت کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ چیئرمین سپورٹس بورڈ شیخ عبدالرشید نے جامعہ گجرات میں کھیلوں کے فروغ کے حوالہ سے کہا کہ نوجوان طلبہ میں مختلف کھیلوں کا فروغ و ترقی حفظان صحت کے اُصولوں کے عین مطابق ہے۔ طلبہ کا روشن مستقبل تعلیم و تربیت کے مربوط وا علیٰ نظام سے وابستہ ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس اخلاق احمد خاں نے کھیلوں میں شرکت کرنے والے طلبا و طالبات سے قواعد و ضوابط کی پیروی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کا حلف لیا۔ قبل ازیں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات، نواز شریف میڈیکل کالج، سٹی کیمپسوں اور بیرون شہر کیمپسوں سے تعلق رکھنے والی طلبا و طالبات پر مشتمل ٹیموں نے مختلف رنگ پہنے ہوئے ہاتھوں میں قومی پرچم اور جامعہ گجرات کا جھنڈا اُٹھائے مہما ن خصوصی کے سامنے انتہائی خوبصورت انداز میں مارچ پاسٹ پیش کیا۔ سپورٹس گالا کا آغاز یونیورسٹی آف گجرات سب کیمپس راولپنڈی کی بصارت سے محروم طالبات کے مقابلہ تیر اندازی سے ہوا۔ بعد ازاں دورڑوں کے مقابلہ جات، جمناسٹک کے مظاہروں اور رسہ کشی کے مقابلوں میں طلبہ نے اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائے۔ اس موقع پر طلبہ ٹیموں نے پی ٹی شو، ملی نغموں اور علاقائی رقص بھی پیش کیے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اپنے خطاب میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے ہم نصابی سرگرمیوں پر تفصیل سے گفتگو کی اور جامعہ گجرات کے طلبہ و اساتذہ کو مزید سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈاکٹر ضیاء القیوم نے سپورٹس گالا موسم بہار کے دوران مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات و ٹرافیوں سے نوازا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانان اعزازی میں رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل، ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک، ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر، ڈاکٹر فوزیہ مقصود، مختلف کالجوں کے پرنسپل، اساتذہ ، صدور شعبہ جات اور انتظامیہ کے اراکین شامل تھے۔