جشن یوم آزادی پر پشاور سے مانسہرہ آزادی مارچ منعقد کرنے کا فیصلہ آزادی مارچ میں 50 جیپ اور 20 ماؤنٹین بائیکس حصہ لینگی

پشاور(سپورٹس ورلد نیوز) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور کمشنر ہزارہ کے تعاون اور فرنٹیئر کلب کے زیراہتمام جشن یوم آزادی کی خوشی میں آزادی مارچ 2018 کل پشاور سے مانسہرہ کیلئے روانہ ہو گی جس میں 50 جیپ اور 20موٹربائیکس حصہ لینگی ، آزادی مارچ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں پہلے روز13اگست کو آزادی مارچ پشاورموٹروے ایم 1 سے روانہ ہوگی اور مانسہرہ میں اختتام پذیر ہوگی جبکہ دوسرے روزیہی آزادی مارچ صبح 10 بجے مانسہرہ سے روانہ ہوکر ہری پور میں اختتام پذیر ہو گی ، اختتامی تقریب ہری پور میں دوپہر 3بجے منعقد ہو گی ، آزادی مارچ کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پاکستان پرامن ملک ہیں اور یوم آزادی کے اس دن کو بہتر انداز میں منا رہے ہیں ، 71ویں یوم آزادی کے موقع پر جہاں ملک بھر میں تیاریاں عروج پر ہیں ادھر خیبرپختونخوا ٹورازم کارپوریشن اور کمشنر ہزارہ نے جیپ اور ماؤنٹین بائیک ریلی بھی منعقد کی ہے ، پشاور سے مانسہرہ آزادی مارچ میں یہ قافلہ 13اگست کو شام 6 بجے ایبٹ آباد پہنچے گا جہاں اس کا والہانہ استقبال کیا جائیگا جبکہ دوسرے روز مانسہر ہ سے ہری پور تک کے سفر کے دوران قافلہ پھر ایبٹ آباد میں مختصر قیام کریگا جس کے بعد ہری پور میں آزادی مارچ اختتام پذیر ہوگی جس میں شام کے اوقات میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔