جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 107 رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا ،قومی ٹیم 381رنزکے تعاقب میں273 رنز پر ڈھیر ہوگئی

جوہانسبرگ(سپورٹس ورلڈ نیوز) جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 107 رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 381 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 273 رنز بنا کر آل آوٹ ہو گئی. ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا لیکن بابراعظم 21 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے کپتان سرفراز احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

اسد شفیق نے پروٹیز بولروں کے سامنے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 179 کے مجموعی اسکور پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ بعدازاں امام الحق نے 35 اور حسن علی نے 22 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے رباڈا اور اولیویئر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیل اسٹین 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور شان مسعود نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 35، شان مسعود 37 اور آؤٹ آف فارم اظہر علی نے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کارکردگی پیش کی اور صرف 15 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جب کہ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 262 اور دوسری میں 303 رنز بنائے۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا، اس سے قبل سنچورین کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ کیپ ٹاؤن کا دوسرا ٹیسٹ پاکستان 9 وکٹوں سے ہارا تھا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہ گیارہویں سیریز تھی۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں 2013 میں بھی پاکستان اوے سیریز کے تینوں میچ ہارا تھا۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 1994 میں کھیلا اور اب تک 26 ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان، جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 4 میچز جیتا ہے جبکہ جنوبی افریقا 15 میچوں میں کامیاب ہوا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئیں۔ پاکستان جنوبی افریقہ کے میدانوں میں صرف 2 ٹیسٹ جیت سکا ہے، گرین شرٹس نے 1998 میں ڈربن اور 2007 میں پورٹ الزبتھ میں پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ 2013 میں ابوظہبی میں جیتا تھا۔