جی سی یو کے طالبعلم نے سکوائش جونیئر چیمپئن شپ جیت لی حارث قاسم رواں سال قطر اور جاپان جونیئرزکے عالمی مقابلے بھی جیت چکا ہے،وائس چانسلر کی مبارکباد

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکے انٹرمیڈیٹ کے طالبعلم حارث قاسم نے پنجاب سکوائش کمپلیکس میں ریکٹ سپورٹس ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ آل پاکستان سکوائش جونیئر چیمپئن شپ جیت لی۔فائنلز میں حارث قاسم نے پشاور کے عزیر شوکت کو 3-2سے شکست دی۔ پاکستان بھر سے انڈر 17سکوائش پلیئرزنے اس چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔جی سی یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ،چیئرمین سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اکرام الحق اور ڈائریکٹر سپورٹس خادم علی خان نے حارث قاسم کو سکوائش میں لگاتار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی ہے۔حارث قاسم رواں سال اگست اور ستمبر میں بالترتیب قطر جونیئر سکوائش چیمپئن شپ اور جاپان جونیئر سکوائش چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔ جاپان میں حارث قاسم نے ملائیشیا کے نمبر ون کین وتھ کو ایک مشکل میچ میں 3-2سے شکست دی تھی، یہ میچ 80منٹ تک جاری رہا تھا۔ڈائریکٹر سپورٹس خادم علی خان کا کہنا تھا کہ حارث قاسم رواں سال کے آخر میں امریکن جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں حصہ لے گا اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنی جیت کے تسلسل کو جاری رکھے گا۔حارث قاسم کا کہنا ہے کہ اس کی خواہش ہے کہ سکوائش میں ورلڈ چیمپئن بن کر پاکستان کا نام روشن کرے۔اس کا مزید کہنا تھا کہ مصر کے سکوائش پلیئر فیرس ڈیسوکی سے متاثر ہوں۔