حالات کا تقاضا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں، سپورٹس جرنلسٹس نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں عام کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے : جاوید نسیم 

پشاور(سپورٹس ورلڈ نیوز۔خالدخان سے) خیبر ویلفئیر آرگنائزیشن کی جانب سے ایشیائی سپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا کے نو منتخب سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ رکن صوبائی اسمبلی جاوید نسیم اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر زاکر شاہ، ممتاز ماہر تعلیم اور سیاسی کارکن بیگم سعیدہ الیاس، خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جہانزیب صدیق،سابق پولیس آفیسر ملک نصراللہ، اولڈ فرنٹئیر ماڈل سکول کی پرنسپل آرزو الیاس اور خیبر ویلفئیر آرگنائزیشن کے عہدے داروں نے خطاب کیا اور نو منتخب سیکرٹری جنرل کو ان کے بلا مقابلہ انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی جاوید نسیم نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں اور کھلاڑیوں کو کھیلنے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس سلسلے میں سپورٹس جرنلسٹس کے کردار کو کسی بھی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے سپورٹس جرنلسٹس نے صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں عام کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے جو بلا شبہ لائق ستائش ہے۔

جاوید نسیم نے پشاور سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی امجد عزیز ملک کو ایشیائی سپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر خراج تھسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ اعزاز سارے ملک کے لئے ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔خیبر ویلفئیر آرگنائزیشن کی سربراہ اور ماہر تعلیم بیگم سعیدہ الیاس نے کہا کہ امجد عزیز ملک نے صوبے میں سپورٹس جرنلز کی ترقی میں قابل رشک کردار ادا کیا اور یہی وجہ ہے آج انہیں ایشیا کی سطح پر گراں قدر اعزاز حاصل ہوا اور انہیں یقین ہے کہ امجد عزیز ملک اب پاکستان بھر کے سپورٹس جرنلسٹس کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں گے۔تقریب سے خطاب میں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر زاکر شاہ، خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جہانزیب صدیق،سابق پولیس آفیسر ملک نصراللہ، اولڈ فرنٹئیر ماڈل سکول کی پرنسپل آرزو الیاس اور خیبر ویلفئیر آرگنائزیشن کے عہدے داروں نے کہا کہ امجد عزیز ملک کا ایشیائی سطح پر منتخب ہونا نہ صرف پشاور اور خیبر پختونخوا بلکہ سارے ملک کے لئے گراں قدر اعزاز ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ سپورٹس جرنلسٹس کی جتنی بھی حوصلہ افزائی کی جائے وہ کم ہے کیونکہ انہوں نے صوبے کا سافٹ امیج دنیا بھر تک پہنچانے میں قابل رشک کردار ادا کیا ہے۔اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ مسلسل دوسری بار ایشیا کی نمائندگی کے لئے ایشیا بھر کے نو ہزار سے زیادہ اراکین کا ان پر اعتماد اس امر کا بین ثبوت ہے کہ پاکستان سے امن کا پیغام دنیا بھر میں جا رہا ہے اور ہم یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ ہم دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہم نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ خیبر پختون سمیت ملک بھر کے سپورٹس جرنلسٹس کی فلاح و بہبود اور ان کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔قبلازیں انہوں نے اے آئی پی ایس اایشیا کی جانب سے خصوصی شیلڈ بیگم سعیدہ الیاس کو پیش کی۔