خیبرپختونخواووشو(کنگفو)ایسوسی ایشن نےاسلامیہ ماڈل سکول میں انٹرسکولزووشوٹورنامنٹ منعقد کرانےکا اعلا ن کردیا

پشاور(سپورٹس ورلڈ)خیبرپختونخواووشو(کنگفو)ایسوسی ایشن نے پشاورمیں انٹرسکولزووشوٹورنامنٹ منعقد کرانےکا اعلا ن کردیا۔یہ اعلان صوبائی ووشوایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل نجم اللہ صافی نے میڈیاسینٹر پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشن کے صدر میاں وحیدشاہ کی ہدایت پر پشاورسمیت خیبر پختونخواکے تمام اضلاع میں نچلی سطح پرکھلاڑیوں کو سامنے لانے اورانہیں تیار کرنے کیلئے ایک بہترین حکت عملی تیار کرلی گئی ہے،اوراس سلسلے میں تعلیمی اداروں کو خصوصی توجہ دیدی گئی ہے انشاء اللہ جلد ہی اسلامیہ ماڈل سکول سردارکالونی پشاور میں انٹر سکولز ووشو(گنگفو)کے مقابلے شروع کرینگے ۔انکاکہناتھاکہ اس اقدا م سے پڑھنے والے بچے کے ذہنی اور جسمانی نشوونمامیں مددملے گی اور ہمیں نچلی سطح پر بہترین ٹیلنٹ سامنے آنے میں مددملے گی۔نجم اللہ صافی نے ناظم اعلیٰ محمد عاصم خان کی جانب سے پشاور میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر کھیلوں کے انعقاد کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ اس سے ضلع بھر میں کھیلوں کے میدان آباد ہونگے او رکھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم ہونگے ،انہوںنے ڈسٹرکٹ سپورٹس فیسٹول میں ووشو(گنگفو)ٹورنامنٹ کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ انشاء اللہ اس سلسلے میں جلد ہی ضلع ناظم محمد عاصم خان سے ملاقات کرینگے ۔