خیبر پختونخوا سائیکلنگ چیمپئن شپ اتوار سے پشاور میں شروع ہوگی ,افتتاح پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ کریں گے

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز)خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ آفیئرز کے تعاون سے دو روزہ خیبرپختونخوا سائیکلنگ چیمپئن شپ  اتوار سے پشاور میں شروع ہوگی۔ چیمپئن شپ کا افتتاح پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ کریں گے جبکہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل محمود خان اور سیکرٹری سپورٹس طارق خان کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثاراحمد خان نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ سات ڈویژن کے مرد کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پشاور، مردان ، کوہاٹ، مالاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور ہزارہ ڈویژن شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کا افتتاحی تقریب22 اکتوبر کو صبح نو بجے نادرن بائی پاس رنگ روڈ پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں تین کیٹگریز کے مقابلے ہونگے جس میں انفرادی ٹائم ٹرائلز، ٹیم ٹرائلز اور سکریچ روڈ ریس شامل ہیں، چیمپئن شپ میں انفرادی ٹائم ٹرائلزاور ٹیم ٹرائلز 14 ، 14 کلومیٹر ریس ہوں گی جبکہ 23 اکتوبر کو 28 کلومیٹر محیط سکریچ روڈ ریس منعقد ہوگی۔