دوسرے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز، پنجاب کا مینز ریسلنگ ایونٹ میں 8 طلائی تمغے جیت کر کلین سویپ، اسلام آباد نے چاندی اور خیبرپختونخوا نے کانسی کے تمغے جیتے،

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں پنجاب نے مینز ریسلنگ ایونٹ میں 8 طلائی تمغے جیت کر کلین سویپ کر لیا، اسلام آباد کی ٹیم 4 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے اور خیبرپختونخوا کی ٹیم 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر تیسرے نمبر پر رہی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری گیمز میں مینز ریسلنگ ایونٹ میں پنجاب نے میدان لوٹ لیا، پنجاب کے ریسلرز مکمل طور پر حریف ٹیموں کے ریسلرز پر چھائے رہے، پنجاب نے ایونٹ میں 8 طلائی تمغے جیت کر وائٹ واش کر دیا، مائنس 57 کلوگرام کیٹگری کے میں پنجاب کے فیض الحسن نے طلائی، اسلام آباد کے اسد علی نے چاندی اور آزاد جموں و کشمیر کے اظہر نے کانسی کا تمغہ جیتا، مائنس 61 کلوگرام کیٹگری میں پنجاب کے محسن علی نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، اسلام آباد کے داؤد نے چاندی اور کے پی کے کے کرام اللہ نے کانسی کا تمغہ جیتا، مائنس 65 کلوگرام کیٹگری میں پنجاب کے محمد عماد نے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، اسلام آباد کے محمد عثمان نے چاندی اور بلوچستان کے محمد یوسف نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، مائنس 70 کلوگرام کیٹگری میں پنجاب کے انتظار حسین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا، کے پی کے کے فرحت اللہ نے چاندی اور اسلام آباد کے روضی خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، مائنس 74 کلوگرام کیٹگری کے مقابلے میں پنجاب کے حسن محمود نے طلائی، کے پی کے اسماعیل نے چاندی اور سندھ کے فضل اللہ نے کانسی کا تمغہ جیتا، مائنس 86 کلوگرام کیٹگری کے مقابلے میں پنجاب کے نعمان نے طلائی، کے پی کے کے سجاد خان نے چاندی اور بلوچستان کے محمد اسلام نے کانسی کے تمغے جیتے، مائنس 97 کلوگرام کیٹگری کے مقابلے میں پنجاب کے طیب رضا نے طلائی، سندھ کے رانا فیصل نے چاندی اور اسلام آباد کے عباس علی نے کانسی کا تمغہ جیتا، 125 پلس کیٹگری کے مقابلے میں پنجاب کے محمد اویس نے طلائی تمغہ جیت کر کلین سویپ مکمل کی، اسلام آباد کے راجہ محمد حسن نے چاندی اور کے پی کے کے محسن خان نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ پنجاب نے 8 طلائی تمغوں کے ساتھ ایونٹ میں کلین سویپ کر لیا، اسلام آباد کی ٹیم 4 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے اور خیبرپختونخوا کی ٹیم 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر تیسرے، سندھ ایک چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر چوتھے، بلوچستان چار کانسی کے تمغے جیت کر پانچویں، گلگت بلتستان دو کانسی کے تمغے جیت کر چھٹے اور آزاد جموں و کشمیر ایک کانسی کا تمغہ جیت کر ساتویں نمبر پر رہی۔