روس میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کی تیاریاں زور و شور سے جاری , آفیشل ٹرافی تین فروری لاہور بھی لائی جائیگی

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز) روس میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اسی سلسلے میں ورلڈ کپ 2018کی آفیشل ٹرافی لاہور بھی لائی جائیگی۔فیفاکی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی کے ورلڈ ٹور کے دوران لندن، کولمبو، مالے، پھوکٹ اور مکاؤ سے ہوتے ہوئے تین فروری کوفٹ بال ٹرافی ایک روز کیلئے لاہور لائی جائیگی جس کے بعد یہ اپنا جاری رکھتے ہوئے دوسرے ممالک کا رُخ کر لے گی۔ فیفا ورلڈکپ ٹرافی پہلی مرتبہ 1974 میں متعارف کرائی گئی تھی، 18 قیراط سونے سے تیار کردہ ٹرافی کی لمبائی 36.8 سینٹی میٹر اور اس کا وزن 6.1 کلو گرام ہے۔ورلڈ کپ 2018میں شرکت کیلئے تمام 32 ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ترجیحی بنیادوں پر مشتمل چار درجات کی فہرست جاری کی ہے جس میں پہلے درجے میں میزبان ملک روس ٹاپ سیڈ ہے۔ عالمی کپ کا ابتدائی میچ 14 جون 2018 کو ممکنہ طور پر روس اور جرمنی کے درمیان کے درمیان ماسکو کے لزہنیکی فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی 15 جولائی 2018 کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ چار مرتبہ کی عالمی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم 60 برس بعد آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ فائنلز میں جگہ بنانے میں ناکام رہی اور 1۔0 کی مجموعی برتری کی بدولت سوئیڈن نے ورلڈ کپ فائنل مقابلوں کیلئے کوالیفائی کر لیا تھا۔