زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں دوروزہ انٹرلوپ سپورٹس گالہ شروع ,مختلف یونیورسٹیوں اورکالجوں سے کرکٹ ،ہاکی اورفٹ بال کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں

فیصل آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دو روزہ انٹر لوپ سپورٹس گالہ شروع ہوگیا۔ یونیورسٹی کی کرکٹ اکیڈمی اور سپورٹس گراؤنڈز میں شروع ہونے والے سپورٹس گالہ میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی‘ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی‘ پوسٹ گریجوایٹ کالج سمن آباد ‘ میونسپل ڈگری کالج‘ ڈویژنل پبلک کالج اور زرعی یونیورسٹی سے کرکٹ‘ ہاکی‘ اور فٹ بال کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے انٹرلوپ ویلفیئر ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرنل (ر) اعجاز احمد ناصر ‘ چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر محمد اشفاق‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس فاروق اقبال‘ عاشق رسول اور ذیشنان اکرم کے ہمراہ کرکٹ اکیڈمی کی پچ پر بیٹنگ کرکے سپورٹس گالہ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ ملک کی کوئی بھی یونیورسٹی سپورٹس کے حوالے سے جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں دستیاب مثالی سپورٹس سہولیات کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں یونیورسٹی کی سپورٹس گراؤنڈز نے ملک کے لئے نامور کھلاڑی پروان چڑھائے ہیں اور اس وقت بھی پاکستا ن ہینڈ بال کی پوری ٹیم یونیورسٹی ہی سے رخت سفر باندھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر مکمل ہونے والی ہے جس میں کثیر الاستعمال ہال کے ساتھ ساتھ اولمپک سائز کا سوئمنگ پول‘ جمنیزیم اوردرجنوں اِن ڈور سپورٹس کی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی سطح پر یونیورسٹی کیلئے نیک نامی کمانے والے کھلاڑیوں کی خدمات کو یاد رکھنے کیلئے ہال آف فیم بنایا گیا ہے جہاں ایسے کھلاڑیوں کی تصاویر اور مختصر تعارف آئندہ دہائیوں تک محفوظ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ خود کو کمپیوٹر‘ موبائل اور ٹیلی ویژن سکرین سے ہٹاتے ہوئے گراؤنزکا رخ کریں تاکہ ان کی جسمانی صحت بہتر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی بنیاد پر داخلہ لینے والے نوجوانوں پر لازم قرار دیاگیا ہے کہ وہ روزانہ گراؤنڈز میں اپنی متعلقہ کھیلوں میں عملی حاضری یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر چیئرمین سپورٹس بورڈ اکٹر محمد اشفاق نے یونیورسٹی کی کھیلوں کی سرپرستی کے حوالے سے انٹرلوپ کی خدمات اور تعاون کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران یونیورسٹی نے سپورٹس کے شعبہ میں غیرمعمولی ترقی کی ہے جس میں تعاون کیلئے انٹرلوپ کا کردار سب نمایاں ہے