سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا میں10جنوری کو بہاولپور اور 11جنوری کو ساہیوال میں بھارت، ایران اور پاکستان کی ٹیمیں ٹکرائیں گیں : ندیم سرور

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق روایتی کھیلوں کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کا اہتمام کیاہے جس میں بھارت، ایران اور پاکستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ، انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا کے مقابلے 10جنوری کو شروع ہوں گے اور سیمی فائنل و فائنل 13جنوری کو لاہور میں ہوں گے، انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا سے ہمارے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور کبڈی کے کھیل کو فروغ ملے گا، یہ بات انہوں نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس کو اہمیت دیتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کی ہدایات دی ہیں جن کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب کے معروف اور ہر دلعزیز کبڈی کے کھیل کا ’’انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا‘‘ منعقد کرانے کا اہمتام کیا ہے، یہ مقابلے بہاولپور ، ساہیوال اور لاہور میں ہوں گے جس میں بھارت ، ایران اور پاکستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،’’ انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا‘‘ کے پہلے مرحلے میں 10جنوری بروز جمعرات کوبہاولپور میں مقابلے ہوں گے، پہلا میچ دوپہر ایک بجے ایران اور بھارت جبکہ دوسرا میچ پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کے درمیان 2بجے ہوگا، دوسرے روز 11جنوری کو ساہیوال میں مقابلے ہوں گے ، پہلا مقابلہ پاکستان گرین اور ایران کے درمیان دوپہر ایک بجے جبکہ دوسرا میچ پاکستان وائٹ اور بھارت کے درمیان3بجے کھیلا جائے گا، انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے سیمی فائنل اور فائنل پنجاب سٹیڈیم لاہور میں13جنوری کو ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے لئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں جنہوں نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔