سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات جاری واپڈا کی این ٹی ڈی سی کی ٹیم نے لاہور ڈویژن کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیدی

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں والی بال کا مقابلہ ہوا جس میں واپڈا کی این ٹی ڈی سی ( نیشنل ٹرانسمیشن ڈسیپچ کمپنی) کی ٹیم نے لاہور ڈویژن کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیدی،این ٹی ڈی سی کی ٹیم نے پہلی گیم میں لاہور ڈویژن کی ٹیم کو 25-15اور دوسری گیم میں 25-11 سے شکست دی، این ٹی ڈی سی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو میچ میں سنبھالنے کا موقع نہ دیا اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، این ٹی ڈی سی کے باسط علی مانی کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔
میچ کی مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی، سپورٹس بورڈ پنجاب کی کوآرڈینیٹر فرزانہ بٹ اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا مقصد نوجوانوں کو گراؤنڈز میں لے کر آنا ہے،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی سربراہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب 13گیمز کے مقابلے منعقد کرارہا ہے ، جن میں نوجوان قومی جوش و جذبہ سے حصہ لے رہے ہیں،

ان مقابلوں میں پنجاب بھر سے کھلاڑیوں کی نمائندگی ہورہی ہے ،چند روز قبل سوئمنگ گالا منعقد کیا گیا، اس کے علاوہ چیف منسٹر جشن آزادی کرکٹ کپ کے مقابلے ہوئے ہیں جس کی نگرانی لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس نے کی ہے، اس طرح یہ سلسلہ 13اگست تک جاری رہے گا۔محمد انیس شیخ نے مزید کہا کہ والی بال میچ میں 7انٹرنیشنل کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ہماری کوشش ہے 18،19سال کے نوجوانوں کو میدان میں لے کر آئیں اور ان میں سپورٹس کا شوق پیدا کریں ۔