سوئمنگ : سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز اینڈ سوئمرز کے تربیتی کیمپ کا دوسرا روز،بین الاقوامی کوچ نک گالنگھم، لیڈی جو نے ٹریننگ دی

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز اینڈ سوئمرز کے چار روزہ تربیتی کیمپ کے دوسرے روز بین الاقوامی کوچ اور سوئمر نک گالنگھم، لیڈی جو نے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو سوئمنگ کی تربیت دی، تربیتی کیمپ میں 125لڑکے اور 35لڑکیاں شریک ہیں، نک گالنگھم اور لیڈی جو نے سوئمرز کو سوئمنگ کی جدید تکنیک پر لیکچر دیئے، بعد ازاں سوئمرز کو پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں تیراکی کی مشق بھی کرائی،

سپورٹس بورڈ پنجاب نے اس موقع پر اعلیٰ انتظامات کئے تھے، ڈاکٹرز کی ایک ٹیم بھی موقع پر موجود تھی، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی اور دیگر افسران نے کیمپ کی نگرانی کی ، کیمپ مزید دو روز جاری رہے گا۔  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نک گالنگھم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان سوئمرز بہت باصلاحیت ہیں، نوجوان محنت کریں تو وہ عالمی ایونٹس بھی جیت سکتے ہیں،

پاکستان آکر محسوس ہوا جیسے اپنے گھر میں ہوں، لوگوں نے بہت پیار دیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوا ہوں، جس طرح نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہے میں پرامید ہوں کہ پاکستان کے نوجوان سوئمنگ کی دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کریں گے۔