پولیس سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے زیر اہتمام کھیلوں کے مقابلے : میزبان سپیشل پروٹیکشن یونٹ نے کبڈی اور رسہ کشی کے مقابلے جیت لئیے

لاہو ر(سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ کیپٹن (ر) فیصل علی رانا کی ہدایت پر فورس کے اہلکاروں کی ذہنی اور جسمانی تربیت کیلئے صحت مندانہ سرگرمیاں جاری ہیں اسی سلسلے میں ہیڈکوارٹر سپیشل پروٹیکشن یونٹ فاروق آباد میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کبڈی اور رسہ کشی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، فیصل آباد اور شیخوپورہ پولیس کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ٹیم نے کبڈی کے میچ میں فیصل آباد کی ٹیم کو جبکہ رسہ کشی کے مقابلے میں شیخوپورہ کی ٹیم کو شکست دیتے ہوئے دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ۔ میچوں کے اختتام پر مہمان خصوصی ایس ایس پی سپیشل پروٹیکشن یونٹ ہیڈ کوارٹر سید علی محسن نے جیتنے والی ٹیموں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پرسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ریفریشر کورس میں اول انعام پانے والے سیکیورٹی کانسٹیبلان کو بھی تعریفی اسناد اور انعامات دئیے گئے۔ مہمان خصوصی سید علی محسن نے جوانوں سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے مقابلوں کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ تفریحی سرگرمیاں جذبوں کو تازہ دم رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور تازہ دم فورس کو مزید بہتر انداز میں اپنے فرائض منصبی ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں تفریحی سرگرمیوں اور مقابلوں کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔