سکواش: سی او ایس ویمن اینڈ پاکستان اوپن مین انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ17 دسمبرسے مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا،دنیا بھر سے84کھلاڑی شریک ہونگے

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام چیف آف ایئر سٹاف ویمن اینڈ پاکستان اوپن مینز انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ17 دسمبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔قمر زمان،حسین حدوائی اور آفتاب قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں دو الگ الگ ایونٹس ہونگے، خواتین کا ٹورنامنٹ 17 سے 22 دسمبر تک جبکہ مردوں کا 17 سے 23 دسمبر تک ہوگا، خواتین کے ٹورنامنٹ کی 25 ہزار ڈالر جبکہ مردوں کے ٹورنامنٹ کی 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ خواتین کے ایونٹ میں 28 کھلاڑی حصہ لیں گی جن میں6 پاکستانی اور 22 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق ہانگ کانگ، مصر، آسٹریلیا، ملائیشیاء، فرانس، بھارت، سوئٹزرلینڈ اور ایران سے ہے، خواتین کا ایونٹ 17 سے 22 دسمبر تک کھیلا جائے گا،17 اور 18 دسمبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ، 19 دسمبر کو مین راؤنڈ، 20 دسمبر کو کوارٹر فائنل، 21 دسمبر کو سیمی فائنل جبکہ 22 دسمبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔

مردوں کے ایونٹ میں 56 کھلاڑی شرکت کریں گے جن میں28 پاکستانی اور 28 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑی کا تعلق مصر، ہانگ کانگ، ملائیشیاء، ویلز، امریکہ سپین، فرانس، پرتگال، آئرلینڈ اور برطانیہ سے ہے، مردوں کے ایونٹ میں 17 اور 18 دسمبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ، 19 اور 20 دسمبر کو مین راؤنڈ، 21 دسمبر کو کوارٹر فائنل، 22 دسمبرکو سیمی فائنل جبکہ 23 دسمبر کو فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں اور ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 14 دسمبر سے شروع ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایئر چیف سہیل امان کی کوششوں سے انٹر نیشنل سکواش پاکستان میں واپس آئی،پوری دنیا کے کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں،پاکستان ایئر چیف کی دلچسپی سے بڑی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں،پروفیشنل سکواش فیڈریشن کے سی ای او نے پاکستان میں سیکورٹی پر اطمینان پر اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کی کوششوں کی وجہ سے انڈر۔13،17اور19کیٹگری میں اچھے لڑکوں پر نظر ہے جو کہ آگے آ سکتے ہیں،ہمارا پہلا ٹارگٹ برٹش اوپناور پھر ورلڈ اوپن ہے ۔بعد ازاں دونوں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔