سیکرٹری سپورٹس پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، زیرتعمیر سپورٹس کمپلیکس اور گراؤنڈز کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) سیکرٹری سپورٹس پنجا ب محمد عامرجان کی زیرصدارت پنجاب سٹیڈیم میں لاہوراور مضافاتی علاقوں میں زیرتعمیر سپورٹس کمپلیکس اور گراؤنڈز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی سیکرٹری تہمینہ حبیب، ڈائریکٹر پی ایم یو اکرم صوبن، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر قصور رؤف باجوہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ناصر ملک اور دیگر شریک تھے، اجلاس میں لاہور اور مضافاتی علاقوں میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس اور گراؤنڈز کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ افسران نے اس حوالے سے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عامر جان نے کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے سپورٹس کے درجنوں منصوبے شروع کئے ہیں، ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام تیز کرنے کی ضرورت ہے لہٰذا اس معاملے میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی، افسران منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے اقدامات کریں، سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ منصوبوں کی تعمیر میں کام کے معیار کوخصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے، ان منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ان منصوبوں کی نگرانی کررہا ہوں تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے جبکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی زیرصدارت ایک اور اجلاس منعقد ہوا جس میں سالوں سے رکے ہوئے سکواش کمپلیکس اور باکسنگ سٹیڈیم کے منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے جائزہ لیاگیا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر کام جلداز جلد شروع کرنے کیلئے حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔