ٹگ آف وار : شاہین اسکول نے انٹراسکول بوائز ٹگ آف وار چیمپئن شپ جیت لی

کراچی (اسپورٹس ورلڈ نیوز) شاہین پبلک اسکول ون نے پہلی نثار احمد چوہدری میموریل انٹر اسکول بوائز ٹگ آف وار چیمپین شپ جیت لی ۔فائنل میں دل چسپ مقابلے کے بعد فیورٹ ہیرالڈ اسکول کو 2-1سے شکست ہو گئی ۔سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی اورکراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہ چیمپئن شپ میں12 اسکولوں نے شرکت کی تھی۔فائنل کے موقع پر مہمان خصوصی سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے چےئر مین گلفراز خان تھے ۔اس موقع پر سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جاوید اقبال ، شاہین پبلک اسکول اور کالج کی روح رواں رشیدہ نثار صدیقی،کراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی خان،عمران چوہدری ،عذراملک ،،ذکیہ طارق،میڈم شمیم،حیدرآباد ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کی سیکریٹری عائشہ ارم ،سینئر ڈی پی ای پرویز شیخ ،ہیڈ آف آرگنائزنگ سیکریٹری میڈم شکیلہ خرم ،سیکریٹری محمد اختر،ڈپٹی سیکریٹری آسیہ خان ،سیکریٹری ، اور دیگر بھی موجود تھے ۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کمانڈر(ر) محفوظ علی تھے جبکہ رفعت جہاں،عامر صدیقی،محمد ندیم ،ایم اصغر اور عمر شاہین ٹیکنیکل آفیشل تھے ۔مہمان خصوصی سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے چےئر مین گلفراز خان نے کہا کہ اسکول اور کالج کی سطح پر ٹگ آف وار کا کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور آج کے ایونٹ میں بوائز کا جوش و خروش دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔آئندہ ماہ حیدرآباد میں شیڈول انٹر دویژنل ٹگ آف وار چیمپئن شپ میں کراچی کی مضبوط ٹیم بنانا پہلا ہدف ہے ،سندھ کے سیکریٹری جاویدا قبال نے آرگنائزنگ کمیٹی اور شاہین پبلک اسکول انتظامیہ کی کامیاب ایونٹ پر ستائش کی اور کہا کہ کراچی کی سطح پر بننے والی بوائز اور گرلز کی ٹیموں میں فاتح اور رنر اپ اسکول کے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا ۔اس موقع پر میڈم رشیدہ نثار صدیقی نے کہا کہ ان کا اسکول مستقبل میں بھی ٹگ آف وار کے متعدد ایونٹس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لئے کراچی ایسوسی ایشن کا تعاون درکار ہوگا،ہماری دونوں ٹیموں کا سیمی فائنل کھیلنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے جبکہ ہم نے گرلز کا ایونٹ بھی جیتا ہے ۔کراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی خان نے کہا کہ ہم نا صرف کراچی کے اسکول و کالجز بلکہ تمام ڈسرکٹس میں اس کھیل کو مقبول بنانے کے لیے کوشاں ہیں جس کے نتائج ملنا شروع ہو گئے ہیں ۔قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں شاہین ون نے شاہین ٹو کو2-0سے اور ہیرالڈ اسکول نے پاک ترک اسکول کو شکست دی تھی ۔اس سے قبل ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کر کے لیگ میچوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔