صبح نو کی چئیر پرسن کی شاندار فتح پر عقیل خان ، شہزاد خان کو مبارکباد شاہدہ کوثر فاروق نے اگلے سال فروری میں گورنرز اور میئرز کپ ٹینس ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اعلان کردیا

اسلام آباد ( سپورٹس ورلڈ نیوز) صبح نو کی چیئر پرسن شاہدہ کوثر فاروق نے آئی ٹی ایف فیوچر ز ٹینس ٹورنامنٹ کے ڈبلز ٹائٹل کے حصول پر ملک کے نمبر ون کھلاڑی عقیل خان اور ان کے ساتھی شہزاد خان کو مبارکبا د پیش کی ہے۔ ملک میں ٹینس کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے صبح نو کی چئیر پرسن نے پیر کو اپنے ایک بیان میں عقیل خان اور ان کے ساتھی کھلاڑی شہزا د کو اس شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سخت محنت اور لگن انسان کو منز ل تک پہنچاتے ہیں ۔ اتوار کو اختتام پذیر ہونے والے سرینا آئی ٹی ایف فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ میں فرانس اور سپین کے کھلاڑیوں کو شکست دینے والی جوڑی تعریف کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عقیل خان گزشتہ 16 سال سے بھی زائد عرصے سے پاکستان ٹینس کا بار اٹھائے ہوئے ہیں اورانہوں نے 37 سال کی عمر میں اپنے سے کئی گنا بہتر کھلاڑیوں کے مقابلے میں فتح حاصل کی۔شاہدہ کوثر فاروق نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی انتظامیہ کو بھی سراہا جس نے پاکستان میں اس ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے سے کئی گنا بہتر عالمی رینکنگ کے حامل کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملا۔ واضح رہے کہ عقیل خان اور شہزاد خان پاکستان کی تاریخ کی پہلی جوڑی ہیں جنہوں نے آئی ٹی ایف فیوچرز ٹورنامنٹ کا ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دریں اثنا صبح نو کی چئیر پرسن نے اگلے سال فروری میں کراچی میں گورنرز کپ اور میئرز کپ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صبح نو تقریباً 27 سال بعد ان ٹورنامنٹس کا انعقاد کرنے جارہا ہے جو کبھی پاکستان ٹینس کپ کا لازمی حصہ تھے۔ واضح رہے کہ صبح نو نے اس سے قبل آئی ٹی ایف فیوچرز، آئی ٹی ایف جونئیرز، نیشنل ہارڈ اور نیشنل کلے کورٹ کا بھی انعقاد کروانا شروع کیا تھا۔