بلوچستان حکومت نے صوبہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے جگہ فراہم کرے گی، وزیر اعلی بلوچستان نے یقین دہانی کرا دی

کوئٹہ( سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈز آف گورنرز کے ممبر مراد اسماعیل نے صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور ہائیر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدئی کے ساتھ وزیر اعلی ہاوس میں وزیر اعلی جام کمال سے بلوچستان میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے جگہ کی تعین اور تعمیر کے لیے ملاقات کی.اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان کے صدر مراد اسماعیل نے وزیراعلی جام کمال کو بتایا کہ بورڈ نے بلوچستان میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے پچھلے سال فنڈز مختص کر دئیے تھے مگر صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے جگہ کی دستیابی میں بورڈ کو مشکلات درپیش رہیں جس کی وجہ سے اکیڈمی کی تعمیر کا کام شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا اس پر وزیراعلی بلوچستان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ صوبائی حکومت کی طرف سے انہیں اکیڈیمی کے لئے زمین الاٹ کر دیں گے دراین اثنا وزیر اعلی نے صوبائی مشیر برائے کھیل وثقافت کو ذمہ داری سونپی کہ وہ کرکٹ اکیڈمی کے لئے جگہ کا انتظام کریں.یاد رہے کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے بعد بلوچستان کے کھلاڑیوں کی اتنی تربیت ہوسکے گی کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے کے قابل ہوسکیں گے۔