ہاکی :صوبائی حکومت کا اسلامیہ کالج گراﺅنڈ سمیت چار مختلیف مقامات پر آسٹروٹرف بچھانے کا فیصلہ , فیصلہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا: جنید خان

پشاور (سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈی جی سپورٹس جنید خان نے کہا ہے کہ اسلامیہ کالج نے ہمیشہ تمام کھیلوں میں ایسے کھلاڑی پیدا کئے جنہوں نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام بلند کیا ہے خاص طور پر ہاکی میں اسلامیہ کالج سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے پاکستان کی ہاکی کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ان میں بریگیڈئر(ر) حمید حمیدی ‘رشید جونیئر ‘قاضی محب ‘عبدالصمد‘امتیاز آفریدی ‘جنید کمال ‘ذیشان‘صائم خان اور دیگر شامل ہیں ان کھلاڑیوں کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اور اب بھی اسلامیہ کالج ہاکی گراﺅنڈ پر اچھے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں‘اسلامیہ کالج کی کھیلوں میں خدمات اور ہاکی کھلاڑیوں کو بہترین ماحول میں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے پیش نظر صوبائی حکومت نے اسلامیہ کالج ہاکی گراﺅنڈ میں آسٹروٹرف بچھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ساڑھے نو کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس جنید خان نے بتایا کہ اسلامیہ کالج ہاکی آسٹروٹرف ‘کھلاڑیوں کے لئے چینجنگ رومز‘سائیڈ رومز اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لئے ساڑھے نو کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور جلد ہی منصوبے کا آغاز کیا جائے گا ‘انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے چار مختلف مقامات پر ہاکی آسٹروٹرف کے لئے رقوم مختص کی ہیں اورمنصوبوں کے لئے رقم مختص کی گئی ہے امید ہے کہ چاروں منصوبوں کی تکمیل سے ہاکی کے فروغ و ترقی میں بھرپور مدد ملے گی ۔