عقیل خان نے 31 ویں فیڈرل کپ نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی لیڈیز سنگلز میں اوشنہ سہیل نے ایونٹ جیت لیا

اسلام آباد ( سپورٹس ورلڈ نیوز ) عقیل خان نے 31 ویں فیڈرل کپ نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی جبکہ لیڈیز سنگلز میں اوشنہ سہیل نے ایونٹ جیت لیا۔ ہفتہ کو سیددلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے مینز سنگلزکے فائنل میں پاکستانی نمبر ون عقیل خان نے مزمل مرتضیٰ کو 3۔6، 6۔3 اور 6۔0 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔جونیئر انڈر 18 سنگلز فائنل میں یوسف خان نے محمد شعیب کو 6۔2 اور 7۔5 سے شکست دے کر ایونٹ جیت لیا۔ بوائز انڈر 14 سنگلز فائنل میں حشیش کمار نے نیلن عباس کو 6۔2، 2۔6 اور 6۔4 سے کامیابی حاصل کی۔ لیڈیز سنگلز فائنل میں اوشنہ سہیل نے سارہ محبوب کو 7۔6(5)، 5۔7 اور 6۔0 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بوائز انڈر 10 سنگلز فائنل میں حمزہ رومان نے اظہر عبداللہ کو 4۔0 اور 4۔0 سے ہرا دیا جبکہ خواتین سنگلز انڈر 10 فائنل میں جمال شاہ نے زارا خان کو 5۔3، 3۔5 اور 4۔2 سے شکست دی۔مینز ڈبل کے فائنل میں شہزاد خان اور محمد عثمان اعجاز نے مزمل مرتضیٰ اور مدثر مرتضیٰ کو 4۔6، 6۔3 اور 10۔5 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ایونٹ کے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان تھے جنہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر سینیٹر سید دلاور عباس، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر خاور حیات خان، شاہدہ بادشاہ اور ٹینس سے لگاؤ رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔