فاسٹ باولر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے کرائی گئی – گھیسی – کو ویل لیفٹ کردیا. عامر کا فاسٹ بولرز کیخلاف سرفراز کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار

جوہانسبرگ (سپورٹس ورلڈ نیوز) قومی ٹیسٹ سکواڈ کے رکن فاسٹ بولر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کے بولرز کے حوالے سے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کپتان سر فراز احمد کی جانب سے اپنی ناکامیوں کو چھپا کر مدا باولرز پر ڈالنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور انکی جانب سے کرائی گئی متنازعہ بال کو ویل لیفٹ کردیا ہے۔ کرکٹ ٹیم گیم ہے، ہمارا کام اپنے بیٹسمینوں کو سپورٹ کرنا ہے، جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں وکٹ نہ گری تو ہمیں فائدہ ہوگا۔
جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ بیٹسمین محنت کررہے ہیں ہمیں امید ہے اس کا صلہ انہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے ہمارا کام اپنے بیٹسمینوں کو سپورٹ کرنا ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ پہلے دو سیشنز میں اچھی بولنگ نہیں کرسکے تاہم آخری سیشن میں مجھے اور عباس کو رن ریٹ روک کر وکٹ ٹو وکٹ گیند کرنے کا پلان دیا گیا تھا جس میں کامیاب ہوئے۔
اس موقع پر فاسٹ بولر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کے فاسٹ بولرز کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے کے بیان پر ردعمل دینے سے معذرت کرتے ہوئے میڈیا سے ایسے سوال نہ کرنے کی درخواست کی۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ہمارے بولر توقعات پوری نہیں کرسکے کیوں کہ ہمارے بولر 120کلومیٹر اور میزبان ٹیم کے بولر 140 سے 145کلو میٹر کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے۔