باکسر عامر خان : فریال سے تعلقات بحال، عامر نے رہائشگاہ کی فروخت کا ارادہ بدل دیا

لندن (سپورٹس ورلڈ نیوز)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال مخدوم کے ساتھ تعلقات دوبارہ بحال ہونے کے بعد اپنی1.2 ملین پانڈز (16 کروڑ 64 لاکھ پاکستانی روپوں سے زائد)مالیت کی رہائش گاہ فروخت کرنے کا فیصلہ تبدیل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کافی عرصے سے عامر اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم کے درمیان کافی غلط فہمیاں اور تنازعات منظر عام پر آئے تھے جس پر عامر نے اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اسی دوران انہوں نے اپنی رہائش گاہ کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے ایک ویب سائٹ پر اشتہار دیا گیا تھا، تاہم اب انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا ہے۔عامر خان کی رہائش گاہ ان کی آبائی گھر سے 3 میل کی دوری پر واقع ہے، جو کسی محل سے کم نہیں ہے۔2 ہزار 80 اسکوائر فٹ پر مشتمل فرنٹ سے شیشوں سے مزین اس وسیع و عریض گھر میں 4 بڑے کمرے، 3 بڑے باتھ روم، ڈائننگ روم، کچن، سوئمنگ پول، اسنوکر کلب اور جم وغیرہ موجود ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں عامر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام کے ذریعے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ اور فریال ایک بار پھر سے ایک ہوچکے ہیں۔۔