قائداعظم بین الصوبائی گیمز والی بال، دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا ناکام، پنجاب نے مینز اینڈ ویمنز ایونٹس میں طلائی تمغے جیت لئے

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز)  پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائداعظم بین الصوبائی گیمز والی بال میں پنجاب نے مینز اینڈ ویمنز ایونٹس میں طلائی تمغے جیت لئے، مینز ایونٹ میں پنجاب نے فیصلہ کن معرکے میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ویمنز ایونٹ میں پنجاب نے آزاد جموں و کشمیر کو شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری میگا گیمز میں جمعرات کو کھیلے گئے مینز والی بال ایونٹ کے فائنل میں پنجاب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کو 3-2سیٹس سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا، فاتح ٹیم کی جیت کا سکور 25-12، 16-25، 23-25، 25-18 اور 15-12 رہا، دوسری جانب ویمنز والی بال ایونٹ کے فائنل میں پنجاب نے آزاد جموں و کشمیر کو 3-0 سیٹس سے ہرا کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پنجاب کی جیت کا سکور 25-8، 25-9 اور 25-11 رہا۔