قطر میں 2022 فٹ بال کپ کے لیے تعمیراتی کام بند،امریکی میڈیا کا دعوی

دوحہ(سپورٹس ورلڈ نیوز) خلیجی ریاست قطر کے دوسرے پڑوسی عرب ملکوں کیساتھ گذشتہ برس سے جاری سفارتی اور اقتصادی بحران کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ تعمیراتی کمپنیوں نے 2022 کے فٹ بال ورلڈ کپ کے سلسلے میں جاری تعمیراتی کام بند کردیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق مصنوعی سیاروں سے لی گئی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر میں کھیل کے میدانوں میں عالمی فٹ بال کپ کے حوالے سے جاری تعمیر ومرمت کا کام کئی ماہ سے معطل ہے۔خیال رہے کہ قطر اور اس کے پڑوسی ملکوں سعودی عرب، امارات اور بحرین کے علاوہ مصر کے ساتھ گذشتہ برس تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ چاروں ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عاید کرتے ہوئے اس کا سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ عرب ممالک کے بائیکاٹ کے باعث قطرمیں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبے جن میں فٹ بال ورلڈ کپ کے سلسلے میں ہونے والی تیاریاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔امریکی ویب سائیٹ کے مطابق نے مصنوعی سیاروں سے لی گئی تصاویر شائع کی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ قطر میں چار سال بعد ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں تعمیراتی کام بند کردیا گیا ہے۔