قومی ون ڈے ٹیم میں جگہ نہ بنا پانے والے جنید خان بی پی ایل کھیلنے بنگلہ دیش جائیں گے

لاہور ( سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا تو جنید خان کی عدم شمولیت پر شائقین کرکٹ برہم نظر آئے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جنید خان کو سکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ ان کی فٹنس بتائی لیکن قومی ٹیم سے نظرانداز کئے جانے کے بعد اب جنید خان کہاں جا رہے ہیں؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق فاسٹ باﺅلر جنید خان نے قومی ٹیم سے نظر انداز کئے جانے کے بعد بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے جہاں وہ ’کھلنا ٹائٹنز‘ کی نمائندگی کریں گے۔ بنگلہ دیش پریمیر لیگ کا آغاز ہو چکا ہے تاہم جنید خان نے لیگ کھیلنے کے بجائے قومی فرض نبھانا زیادہ اہم سمجھا اور قومی ٹیم میں شمولیت کے منتظر تھے تاہم انہیں نظرانداز کر دیا گیا اور اب انہوں نے بنگلہ دیش جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی سی بی نے تو ان کی فٹنس میں مسائل کی نشاندہی کی ہے مگر خود جنید خان کا کہنا ہے کہ وہ مکمل طور ٹر فٹ ہیں جس کا اندازہ بی پی ایل میں ان کی کارکردگی سے ہو جائے گا۔