قومی ٹی 20کپ : راولپنڈی ریجن اورپشاورریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بارش کی نذردونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا

راولپنڈی(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017کے چوتھے روز کا راولپنڈی ریجن اورپشاورریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا۔چوتھے روز راولپنڈی ریجن اورپشاورریجن کی ٹیموں کے درمیا ن کھیلے جانیوالے میچ میں پشاورریجن کی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کرراولپنڈی ریجن کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پشاور ریجن کے باولرز کی شاندار باولنگ کی وجہ سے راولپنڈی ریجن کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.3اوورزمیں116رنز بناکرآوٹ ہو گئی ،فواد عالم نے 28رنز،سہیل تنویر نے 20جبکہ شاداب خان نے آوٹ ہوئے بغیر 21رنز بنائے،پشاور ریجن کی طرف سے سہیل خان نے 22رنز کے عوض 4،عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی نے بالترتیب 12اور26رنز کے عوض دو،دو جبکہ زوہیب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔راولپنڈی ریجن کی اننگ مکمل ہونے کے فوراً بعد بارش کا آغاز ہوگیا جس کی وجہ سے پشاور ریجن کی ٹیم اپنی اننگ کا آغاز نہیں کر سکی اور میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا اور یوں دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا۔