قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ،اسلام آبادریجن کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعدراولپنڈی ریجن کی ٹیم کودورنز سے شکست دیدی

راولپنڈی(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017کے دوسرے روز کے دوسرے میچ میں اسلام آبادریجن کی ٹیم نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعدراولپنڈی ریجن کی ٹیم کودورنز سے شکست دیدی۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے روز دوسرا میچ راولپنڈی ریجن اور اسلام آباد ریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں راولپنڈی ریجن کی ٹیم کے کپتان عمر امین نے ٹاس جیت کراسلام آباد ریجن کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا۔اسلام آباد ریجن کی ٹیم نے مقررہ20اوورزمیں4وکٹوں کے نقصان پر175رنز بنائے،شان مسعود نے 52گیندوں پر 12چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 83رنز،نعمان انور نے 33،اورسعد علی نے 22رنز بنائے،راولپنڈی ریجن کی طرف سے محمد عباس نے 32رنز کے عوض دو جبکہ محمد عرفان جونیئر اور محمد اصغر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں راولپنڈی ریجن کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنا سکی اور دو رنز سے میچ ہار گئی،عمر امین نے 36گیندوں پر 8چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56رنز،زین عباس نے 33جبکہ محمد نواز نے آوٹ ہوئے بغیر 43اور ناصر نواز نے آوٹ ہوئے بغیر 20رنز بنائے،اسلام آباد ریجن کی طرف سے محمد عرفان نے 31رنز کے عوض دو جبکہ عمر گل اور رضا حسن نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔اسلام آباد ریجن کے شان مسعود کو ان کی شاندار اننگ پر مین آف دی میچ کا حقدار قرار دیا گیا۔اختتامی تقریب کے موقع پرراولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر میجر(ر) نعیم اختر گیلانی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے شان مسعود کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا۔