مشہور فٹبال کلبوں کے میچ کے ٹکٹوں میں کمی

بی بی سی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گذشتہ سال کے دوران یورپ کے اعلیٰ فٹبال کلبوں میں میچ کے ٹکٹ کی قیمتیں پہلے سے کم ہوئی ہیں۔

دنیا کی کئی بڑی ٹیموں نے میچ والے دن کے ٹکٹ کی فیس میں 85 فیصد اور سیزن کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں40 فیصد تک کمی کی ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سپین کے بڑے کلب بارسلونا اور ریال میڈرڈ، اٹلی کے انٹر اور اے سی میلان، فرانس کے موناکو اور پیرس کے سینٹ جرمین اور جرمنی کے بائرن میونخ سمیت تمام کلبوں نے سب سے سستے اور سب سے مہنگے دونوں سیزن کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔

تحقیق کے مطابق قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی بیلجیئم کی ٹیم اینڈر لیخٹ نے کی ہے، جس کے سب سے سستے میچ کی ٹکٹ کی قیمتیں 85 فیصد تک کم ہوئی ہیں۔ اِس کمی کے بعد یہ کلب یورپ کے اعلیٰ کلبوں میں سب سے سستا کلب بن گیا ہے جس کی ٹکٹ کی قیمت 5.70 امریکی ڈالر ہے۔

دوسری سب سے بڑی کمی پرتگال کے بڑے کلب سپورٹنگ لِزبن اور بینفیکا نے کی ہے، دونوں نے اپنی قیمتیں نصف فیصد تک کم کر دی ہیں اور اِس کے ساتھ ساتھ فرانس کے مارسے اور بڑے ہسپانوی کلب ویلنسیا نے اپنے ٹکٹوں کی قیمتوں میں چوتھائی فیصد تک کمی کی ہے۔

سیزن کے ٹکٹ کی قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی سکینڈی نیویا کے کلب ایف سی کوپن ہیگن نے (39 فیصد)، آئی ایف کے گوتھن برگ نے (38 فیصد) اور مولڈ نے (37 فیصد) کی ہے۔ تاہم بارسلونا اور موناکو نے بھی قیمتیں کم کی ہیں، بارسلونا نے 29 فیصد اور موناکو نے 25 فیصد کمی کی ہے۔

سیزن کے دوران بینفیکا کے ساتھ ساتھ بارسلونا کا ٹکٹ سستا ترین ہے، دونوں کلبوں کے ٹکٹ کی قیمت 112.82امریکی ڈالر ہے۔

تاہم اِس سے قبل بینفیکا نے سیزن کے لیے اپنے ٹکٹ کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ کیا تھا اور ایک ٹکٹ کی قیمت 336.21 امریکی ڈالر سے بڑھا کر 985.75 تک کر دی تھی جو 192 فیصد کا اضافہ تھا۔