مینز فٹبال ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز کا کا میاب تجربہ ، خواتین کیلئے بھی غیر ملکی کوچ رکھنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے مینز کوچز کے کامیاب تجربے کے بعد قومی خواتین ٹیم کے لئے بھی غیر ملکی کوچ رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ہیڈ کوچ جوزنوگیرا کی کوچنگ میں قومی ٹیم بنگلا دیش میں شیڈول ساف چیمپئن شپ میں تیرہ سال کے طویل عرصے کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ فارن کوچ بیٹو پورٹیلا کی کوچنگ میں پاکستان انڈر 15 کے ساف فٹبال چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ ان غیر ملکی کوچز کے کامیاب تجربے کے بعد پاکستان فٹببال فیڈریشن نے برازیل سے ہی تعلق رکھنے والی خاتون کوچ کو قومی ویمنز ٹیم کی کوچنگ سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق خاتون فارن کوچ کے ساتھ پی ایف ایف کے تمام معاملات طے پا گئے ہیں اور وہ چند روز میں پاکستان پہنچ کر قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔ غیر ملکی کوچ کی پہلی اسائمنٹ 19 تا 26 دسمبر تک سری لنکا میں شیڈول ویمنز فٹبال چیمپئن شپ ہوگی۔ ایونٹ میں سری لنکا، بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔