نیا ناظم آباد رمضان کپ‘ خرم منظورکی ففٹی ‘ ڈالر ایسٹ فتح سے ہمکنار نووارد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 9وکٹوں سے شکست

کراچی(اسپورٹس ورلڈ نیوز) 2015کی ونر اور 2017کی رنر اپ ڈالر ایسٹ نے نیا ناظم آباد رمضان کپ 2018کے چھٹے ایڈیشن میں کامیاب آغاز کیا جب انہوں نے ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی سول ایوی ایشن (سی اے اے ) کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی اور 9وکٹوں کی آسان فتح کے ساتھ پورے پوائنٹس اپنے کھاتے میں جمع کرالئے۔105رنز کا ہدف فاتح ٹیم نے 16.3اوورز میں 9وکٹوں پر حاصل کیا۔ خرم منظور نے 52رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور پہلی وکٹ پر عدنان بیگ کے ہمراہ 45رنز کی رفاقت قائم کی۔انہیں ہیڈ آف اسپورٹس ڈالر ایسٹ اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظہیر احمدشیخ نے مین آف دی میچ ایوارڈ پیش کیا ۔ ان کے ہمراہ آرگنائزنگ سیکریٹری عمران حق بھی موجود تھے۔ نیا ناظم آباد کے سرسبز لوائی کرکٹ اسٹیڈیم پرگروپ ’سی‘ میں سی اے اے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی اورمقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 104رنز بنائے۔ ان کی اننگز کاآغاز انتہائی مایوس کن تھا۔ جب 7رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر اصغر قریشی بغیر کھاتہ کھولے او ر محمد عارف 5رنز بنا کرمیڈیم پیسر سعادت منیر کا شکار بنے۔ ارسلان فرزند نے کچھ مزاحمت کی مگر وہ بھی 13رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چوتھی وکٹ پر زونIIسے تعلق رکھنے والے فحدث بخاری نے یاسر مشتاق کے ہمراہ 29رنز جوڑے۔ یاسر مشتاق 11رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ فحدث بخاری نے 5چوکوں کی مدد سے 41رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ محمدم افضل ، عارش علی اور محمد عثمان نے 7,7رنز اسکور کئے۔ ڈالر ایسٹ نے اپنی جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف105رنز باآسانی عدنان بیگ کی وکٹ کھوکر حاصل کرلیا۔ خرم منظور اورعدنان بیگ نے پہلی وکٹ پر 45رنز جوڑے۔ خرم منظور نے 52رنز کی اننگز میں 3چوکے اور 2زور دار چھکے لگائے ۔ رمیز عزیز نے 23رنز کی ناقابل شکست اننگز میں ایک چوکا رسید کیا۔ ڈالر ایسٹ کی واحد وکٹ محمد سلمان کو 19رنز کے عوض حاسل ہوئی۔ ایمپائرز امتیاز اقبال اور شمیم انصاری جبکہ محمد احسان اور جنید افضل آفیشل اسکورر اور احمر سعید میچ ریفری تھے۔ آج (جمعرات) نیشنل بینک کا سامنا سندھ پولیس سے ہوگا۔