نیشنل سیپاک ٹاکرا کوچنگ اینڈ ریفریز کورس کا اختتام ہوگیا.ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور عبدالحلیم قادر نے اسناد تقسیم کیں.

کراچی (اسپورٹس ورلڈ نیوز)پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے زیر اہتمام دو روزہ نیشنل سیپاک ٹاکرا ریفریز اینڈ کوچنگ کورس کا اختتام  ،اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ نے ریفریز اور کوچز میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈ تقسیم کیں اس موقع پر انٹرنیشنل سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور ایشین سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کےصدر عبدالحلیم بن کادر ،پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد خان ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت ،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف عظیم ،سندھ اولمپک کے نائب صدر محفوظ الحق  ،سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کورس ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ ،سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد ،چیئرمین پاکستان سیپاک ٹاکرا سلیکشن کمیٹی عارف وحید خان ،کراچی سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید اصغر حسین ،ایونٹ وینیو انچارج عبدالباسط اور دیگر موجود تھے ۔تقریب سے ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ  میں  پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے تمام منتظمین خاص طور پر نوشاد احمد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بہترین انداز میں کورس کو منعقد کیا فرحان عیسیٰ نے انٹرنیشنل سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری عبدالحلیم کادر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان آکر کورس کو سپروائز کیا انہوں نے مزید کہاکہ اس طرح کے کورسز اور ایونٹ سے ریفریز اور کوچز کو تو فائدہ ہوتا ہی ہے لیکن اس سے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے ۔انٹرنیشنل سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عبدالحلیم کادر نے کہاکہ سب سے پہلے پاکستان سیپاک ٹاکراکے سیکرٹری نوشاد احمد خان ،چیئرمین او سی ڈاکٹر فرحان عیسیٰ تمام او سی ممبران کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے پاکستان آنے کی دعوت دی اور میرے لئے بہترین انتظامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ جب میں پاکستان آنے کے لئے وہاں لوگوں سے بات کررہا تھا تو تقریباً سب نے ہی مجھے منع کیا لیکن جب میں یہاں پنہچا تو مجھے بہت خوشی ہوئی کہ یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں خاص طور پر اسپورٹس سے بہت محبت کرنے والے ہیں  مجھے کراچی شہر بہت پرامن لگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے فیوچر پروگرام میں پاکستان میں ایشین سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ اور ایشین بیچ سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ شامل ہیں جس کیلئے ہم پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن سے رابطے میں رہیں گے ۔آخر میں سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کورس ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ تمام مہمانوں اورکورس کے شرکا اورخاص طور پر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔