نیشنل ٹی20کپ : دوسرے سیمی فائنل میں لاہورریجن (بلیوز)کی ٹیم نے فاٹا ریجن کی ٹیم کو 10رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

راولپنڈی(سپورٹس ورلڈ نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہ نیشنل ٹی20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ2017کے دوسرے سیمی فائنل میں لاہورریجن (بلیوز)کی ٹیم نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعدفاٹا ریجن کی ٹیم کو 10رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے دوسرے سیمی فائنل میں فاٹا ریجن کے کپتان حماد اعظم نے ٹاس جیت کر لاہور ریجن (بلیوز) کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،ان کا یہ فیصل درست ثابت نہ ہوا۔لاہور ریجن (بلیوز ) کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر221رنز بنا ئے،یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مجموعی سکور تھا،لاہور ریجن (بلیوز) کے اوپنر احمد شہزاد نے ٹورنامنٹ کی پانچویں سنچری سکور کی ،انہوں نے 59گیندوں پر 13چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 104رنز کی شاندار اننگ کھیلی،امام الحق نے 42گیندوں پر4چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 62اور محمد حفیظ نے 19گیندوں پر5چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 52رنز بنائے ،فاٹا ریجن کی طرف سے واحد وکٹ محمد عرفان جونیئر نے حاصل کی ۔

جواب میں فاٹا ریجن کی ٹیم20اوورزمیں 8وکٹوں کے نقصان پر211رنز بنا سکی اور 10رنز سے میچ ہار گئی،فاٹا ریجن کی طرف سے خوشدل شاہ نے 32گیندں پر 5چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 52رنز،مختار احمد نے 47رنز اور اویس ضیاء و نوید ملک نے 25،25رنز بنائے،لاہور ریجن (بلیوز) کی طرف سے سلیمان علی آغا،اعزاز چیمہ اور حسین طلعت نے بالترتیب 30،31اور40رنز کے عوض دو،دو وکٹیں حاصل کیں،فاٹا ریجن کے دوکھلاڑی رن آوٹ ہوئے ۔لاہور ریجن (بلیوز) کیاحمد شہزاد کو ان کی شاندارسنچری پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔ نیشنل ٹی20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ2017کا فائنل لاہور ریجن (وائٹس) اورلاہور ریجن (بلیوز) کی ٹیموں کے درمیان آج 30نومبر بروز جمعرات سہ پہر4بجے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔