نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا اور اخری ٹیسٹ ہفتہ سے ہملٹن میں شروع ہوگا 

ہملٹن(سپورٹس ورلڈ نیوز) نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ  ہفتہ سے ہملٹن میں شروع ہوگا۔ میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل ہے۔ بلیک کیپس نے ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 67 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی کی دوبارہ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، وکٹ کیپر بلے باز بی جے واٹلنگ تاحال سو فیصد فٹ نہیں ہو سکے اسلئے وہ پہلے ٹیسٹ کے بعد آخری ٹیسٹ سے بھی باہر ہو گئے ہیں، جارج وورکر اور لاکی فرگوسن کو نیوزی لینڈ ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ دی فورڈ ٹرافی کھیلنے کیلئے سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے تاہم فرگوسن دوسرے ٹیسٹ سے قبل دوبارہ کیوی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کپتان کین ولیمسن، ٹرینٹ بولٹ، ٹام بلونڈل، کولن ڈی گرینڈ ہوم، لاکی فرگوسن، میٹ ہنری، جیت راول، ٹام لیتھم، ہنری نیکولز، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، روز ٹیلر اور نیل واگنر پر مشتمل ہے