اُردن سے تعلق رکھنے والی ریسلر شاہدہ بسیسو۔ڈبلیو ڈبلیو ای سے معاہدہ کر کے دنیا کی پہلی عرب خاتوں ریسلر بن گئی

اُردن(سپورٹس ورلڈ نیوز) اُردن سے تعلق رکھنے والی عرب خاتون ریسلر شاہدہ بسیسو۔ڈبلیو ڈبلیو ای سے معاہدہ کر کے دنیا کی پہلی عرب خاتوں ریسلر بن گئی ہیں عرب میڈیا کے مطابق  شاہدہ بسیسو کا انتخاب 40 امیدواروں میں سے کیا گیا، امیدواروں میں مشرق وسطٰی اور بھارت سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ، پاور لفٹرز، رگبی اور فٹ بال کے کھلاڑی، شوقیہ ریسلر اور مارشل آرٹس کے ماہر بھی شامل تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق شاہدہ تربیت یافتہ جوجٹسو ایتھلیٹ ہیں، وہ امریکی شہر فلوریڈا میں ریسلنگ کی تربیت لے رہی ہیں، شاہدہ تربیت مکمل ہونے پر وہ آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، جرمنی ، بھارت، میکسیکو اور برطانیہ سے منتخب کردہ ریسلرز کے ساتھ اپنی مہارت کا مظاہرہ  کریں گی۔

شاہدہ نے اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں مشرق وسطٰی کی پہلی لڑکی ہوں جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ، میری خواہش ہے کہ میں ریسلنگ کی دنیا کی سپر اسٹار بن سکوں۔ علاوہ ازیں ڈبلیو ڈبلیو ای نے بھارتی ریسلر کویتا دیوی کے ساتھ  بھی باضابطہ معاہدہ کرلیا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سی او او ٹرپل ایچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں اعتماد ہے کہ کویتا اور شاہدہ مستقبل قریب میں ڈبلیو ڈبلیو ای کی سپراسٹارز ہوں گی، دونوں ریسلرز کا انتخاب پرستاروں کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔